اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صحتمند زندگی کا راز ورزش کرنے میں ہی ہے تاہم اس پر مستقل مزاجی سے طویل عرصے تک عمل کرتے رہنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں مگر اب سائنسدانوں نے طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کا ایک آسان حل ڈھونڈ نکالا ہے،
جو 5 سال کے عرصے تک 2 لاکھ سے زائد افراد پر کیے گئے تجربے کے بعد سامنے آیا۔ ماہرین صحت کے مطابق سائیکل چلانا اور پیدل سفر کرنا طویل اور صحت مند زندگی کا باعث بنتے ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ یا دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے کے مقابلے سائیکل کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچنے والے افراد طویل زندگی سمیت کینسر اور دل کی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔تحقیق کے نتائج سے پتہ چلا کہ جو لوگ گاڑیوں کے بجائے پیدل چلتے ہیں وہ بھی سائیکل چلانے والے افراد کی طرح زائد اور صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ہفتے میں 30 میل تک سائیکل چلانے والے افراد کی زندگی میں اضافے کے 41 فیصد امکانات بڑھ جاتے ہیں جبکہ کینسر کے مرض کے 45 اور دل کے عارضے کے 46 فیصد امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
پیدل چلنے کے صحت پر اثرات:سائیکل چلانے والوں کے مقابلے پیدل چلنے والوں کی صحت پر کم اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم پیدل چلنا بھی طویل زندگی اور بہتر صحت کا اہم ذریعہ ہے۔ہفتے میں 6 میل تک پیدل چلنے والوں کی مجموعی زندگی میں اضافہ جبکہ کینسر اور دل کے عارضے جیسی خطرناک بیماریوں کے اثرات کم ہوجاتے ہیں۔