اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)والدین بننا اور بچوں کی تربیت کرنا یقیناً ایک محنت طلب کام ہے جس کے لیے والدین کو اپنی پوری زندگی وقف کرنی پڑتی ہے، جبکہ اپنی ذاتی دلچسپیوں اور مشاغل کو بھی بالائے طاق رکھنا پڑتا ہے۔حال ہی میں ماہرین نے ایک تحقیق میں
خوش کن انکشاف کیا ہے کہ والدین بننے والے افراد کی عمر میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ لمبی زندگی جیتے ہیں۔جرنل ایپی ڈیمولوجی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ نامی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق والدین بننے کے بعد عمر میں لگ بھگ 2 سال اضافہ ہوجاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ بچوں کی پرورش اور اچھی تربیت میں والدین کو سخت زندگی گزارنی پڑتی ہے، انہین راتوں کو جاگنا پڑتا ہے، بچوں کی ضدیں، چڑچڑاہٹ اور ان کے غصے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ والدین کو کئی طبی مسائل بھی لاحق ہوسکتے ہیں، تاہم اس سب کا انعام انہیں لمبی زندگی کی صورت میں ملتا ہے۔ماہرین نے اس تحقیق کے لیے سوئیڈن میں بے شمار والدین، اور لاولد شادی شدہ جوڑوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ تنہا رہنے والے جوڑوں میں، بچوں والے جوڑوں کی نسبت جلد موت کا خطرہ تھا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ لا ولد جوڑے غیر صحت مندانہ زندگی گزارتے ہیں۔ وہ اپنے طرز زندگی، کھانے پینے، سونے جاگنے اور معاشرتی تعلقات میں وہ احتیاط ملحوظ نہیں رکھتے جو والدین عموماً اپنے بچوں کی وجہ سے رکھتے ہیں۔اس کے برعکس بچوں کی ذمہ داری رکھنے والے جوڑے اپنی صحت کا خیال رکھتے ہیں، زندگی میں ہر قدم اٹھانے سے پہلے اپنے بچوں کے بارے میں سوچتے ہیں اور ایک منظم زندگی گزارتے ہیں۔