روم( این این آئی)اٹلی سے تعلق رکھنے والے نیورو سرجن ڈاکٹر سرجیو کینا ورو نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال وہ دنیا کے پہلے انسانی سر کے ٹرانسپلانٹ کو عملی جامہ پہنائیں گے اورپہلا ٹرانسپلانٹ ایک چینی باشندے کا ہوگا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیورو سرجن نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا کے پہلے سر کے ٹرانسپلانٹ کو عملی جامہ پہنائیں گے اس سرجری میں ایک زندہ شخص کا سر ایک عطیہ شدہ مردہ جسم سے جوڑا جائے گا ۔ دوسری جانب ڈاکٹر سرجیو کے ہم عصر سرجنز کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک خیالی
منصوبہ ہے اور اس کا مقصد ساری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کے سوا کچھ نہیں ۔واضح رہے کہ یہ آپریشن ٹرانسپلانٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین آپریشن ثابت ہوگا ۔ ڈاکٹر سرجیو نے اس منصوبے کا نام ’’ہیڈ انسٹوموسس وینچر‘‘رکھا ہے جبکہ اس کا کوڈ نام ہیون رکھا گیا ہے ۔ چین کے ہربن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ژیاو پنگ رین کا کہنا ہے کہ وہ جنوری میں ایک بندر کا سر دوسرے بندر کے سر پر لگا چکے ہیں تاہم اخلاقی وجوہا ت کی بنا پر 20گھنٹے بعد اسے آسان موت دیدی گئی تھی۔