اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ہیروئن کے عادی افراد کو اب موذی لت سے چھڑانے کیلئے بجلی کےجھٹکے دئیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہیروئن کے عادی افراد کے لئے اب ایک حیرت انگیز نیا طریقہ دریافت کر لیا گیا ہے ،ہیروئن کی لت چھڑانے کیلئے کئے جانے والے علاج کے بعد بھی اس لت کا شکار افراد ہیروئن کی طلب محسوس کرتے ہیں
اور ان کا دوبارہ اس موذی لت میں مبتلا ہونے کا خطرہ رہتا ہے مگر اب ماہرین نے ایک ایسا طریقہ دریافت کیا ہے جس سے علاج کے بعد ہیروئن کے عادی افراد اس موذی لت میں نہیں پڑیں گے۔سکرپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سین ڈیاگو کے ماہرین نے اس حوالے سے کچھ تجربات کئے ہیں جس سے یہ حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں کہ ہیروئن کے عادی افراد کو بجلی کے جھٹکے ایک مخصوص طریقے سے جسے الیکٹرو شاک تھراپی کہا جاتاہے دینے سے ہیروئن کی طلب ختم ہو جاتی ہے، اس طریقہ علاج میں ہیروئن کے عادی افراد کے دماغ کے ایک حصے سبتھلامک نیوکلئیس پر ایکٹر وڈ رکھے جاتے ہیں جس سے نشے کی طلب ختم ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ دماغ کا وہی ایریا ہے جس سے پارکنسز کے مرض کا علاج کیا جاتا ہے۔ ماہرین امید ظاہر کر رہے ہیں کہ مذکورہ طریقہ علاج نہ صرف ہیروئن کی لت چھڑانے میں مدد ثابت ہو گا بلکہ مریض کے دوبارہ اس لت میں مبتلا ہونے کے خطرے کو بھی ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔