ٹوکیو(نیوزڈیسک)جاپان کے سائنسدانوں نے ایک نہایت باریک ’الیکٹرانک جلد‘ بنائی ہے جسے جسم کے ساتھ پیوست کیے جانے پر خون میں آکسیجن کی سطح معلوم کی جا سکتی ہے۔جاپان کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق ک مقصد ایسی ’جلد‘ بنانا ہے جو سرجری کے دوران خون میں اکسیجن کی سطح بتاتی رہے۔ایک رضا کار پر کیے گئے تجربے سے معلوم ہوا کہ مصنوعی جلد نے خون میں موجود آکسیجن کی بالکل درست مقدار بتائی۔اس الیکٹرانک جلد میں مائیکرو الیکٹرانک کمپونیٹ موجود ہیں جو آکسیجن کی سطح کو سرخ، نیلے اور ہرے رنگوں سے ظاہر کرتے ہیں۔یونیورسٹی آف ٹوکیو کے سائنسدان صحت کی نگرانی کے لیے اعداد اور حروف پر مبنی ایک نظام واضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ حالیہ تحقیق سائنس ایڈونس نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔طب کے شعبے میں پہنے جانے والے الیکٹرانک پر بہت تحقیق ہو رہی ہے۔ مثال کے طور پر ایسے لینز جو خون میں شوگر کی سطح جانچ سکیں یا سمارٹ چشمے وغیرہ۔محقق اور ریسرچ کے نگران نے بتایا کہ یہ ’الیکٹرانک جلد‘ انگلی پر لگانے سے خون میں موجود آکسیجن کی سطح کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ’اعضا کے ساتھ متصل ہونے پر اس میں موجود نامیاتی آپیٹکل سنسرز چمکنے لگتے ہیں اور سرجری کے دوران بلڈ آکسیجن کی سطح پتہ چل جاتی ہے۔‘