پشاور(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبہ کے اسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف کچھ شہروں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کی تو کچھ اپنی معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر روایت شاہ ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو نوشہرہ کے مطابق نوشہرہ میں ضلع بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہیں،لازمی سروس ایکٹ کے خلاف ضلع بھر کے ڈاکٹروں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکاری اسپتالوں میں بھی لازمی سروسز ایکٹ کے خلاف ڈاکٹرز ہڑتال پر نہیں ہیں اور ڈاکٹرز کے علاوہ دیگر عملہ ڈی ایچ کیو ، مفتی محمود میموریل اسپتال میں اپنے ڈیوٹی پر موجودہے۔لوئر دیر میں بھی ضلع کے تمام چھوٹے اور بڑے اسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز معمول کے مطابق ڈیوٹی دے رہے ہیں ایم ایس ڈی ایچ کیو لوئر دیر ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق ،لازمی سروس ایکٹ کےخلاف ابھی تک احتجاج کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف کوہاٹ کے پیرامیڈیکل اسٹاف آج ڈی ایچ کیو اسپتال میں احتجاج بھی کریں گے