تھر پارکر(نیوز ڈیسک)تھرپار میں غذائیت کی کمی سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا ، اسلام کوٹ کے علاقے میں 3 ماہ کی بچی انتقال کرگئی،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مرنے والے بچوں کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا، کمیشن 15 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔تفصیلات کے مطابق تھر میں غذائیت کی کمی سے اموات کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے، اتوار کے روز 3 ماہ کی بچی کو سرکاری اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، تاہم گھر لے جاتے ہوئے بچی کا انتقال ہوگیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بچی کے والدین کے پاس گھر جانے کا کرایہ بھی نہیں تھا، لوگوں نے پیسے جمع کرکے گھر پہنچنے کا انتظام کروایا تھا۔ تھر پارکر میں رواں سال غذائیت کی کمی کے باعث انتقال کرجانے والے بچوں کی تعداد 125 ہوگئی ہے ۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تھر میں غذائی قلت اور دیگر وجوہات کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات اور معاملے کا جائزہ لینے کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا۔جسٹس (ر) غلام سرور کورائی کی سربراہی میں قائم دو رکنی کمیشن 15 دن میں تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گا، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارجن رام کمیشن کے دوسرے رکن ہوں گے۔کمیشن تھر میں بچوں کی ہلاکت کے اسباب اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لے گا اور صورتحال بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کرے گا، کمیشن حکومتی اقدامات میں کوتاہی اور غلطیوں کی نشاندہی بھی کرے گا۔