ممبئی: تمام لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ عظیم ہندوستانی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے 1989 میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تاہم شاید بہت ہی کم لوگ اس بات سے واقف ہوں کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ اس سے دو سال قبل ہی کھیل لی تھی۔
لیکن حیران کن بات یہ کہ انہوں نے اپنا پہلا انڈیا کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کھیلا تھا اور وہ بھی اپنے ملک ہندوستان کے خلاف۔
ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 1987 میں پاکستانی ٹیم کے دورہ ہندوستان کے موقع پر ممبئی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان منعقدہ ایک نمائشی میچ میں وہ عمران خان کی ٹیم کے لیے متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں اترے۔
جاوید میانداد اور عبدالقادر کھانے کے وقفے کے موقع پر میدان سے چلے گئے اور اس موقع پر ٹنڈولکر کو فیلڈنگ کے لیے بھیجا گیا۔
عمران خان نے انہیں لانگ آن پر کھڑا کیا جہاں تھوڑی ہی دیر بعد کپیل دیو نے ایک اونچا شاٹ کھیلا لیکن 15 میتر بھاگنے کے باوجود ٹنڈولکر میچ پکڑنے میں ناکام رہے۔
اس بات کا انکشاف ٹنڈولکر نے اپنی حال ہی میں جاری کردہ کتاب میں کیا ہے۔
ٹنڈولکر نے لکھا کہ بعد میں انہوں نے اپنے دوست سے شکایتاً کہا کہ اگر انہیں لانگ آن کے بجائے مڈ آن پر کھڑا کیا جاتا تو وہ کیچ پکڑ سکتے تھے۔
عظیم بلے باز نے اپنی کتاب میں لکھا کہ مجھے پتہ نہیں کہ عمران خان کو یاد بھی ہے کہ نہیں کہ میں ان کی پاکستانی ٹیم کے لیے بھی فیلڈنگ کر چکا ہوں۔