لاہور۔۔۔ پاکستان کے معروف اداکار مصطفیٰ قریشی نے عمران خان کے مطالبات کی حمایت کر دی، تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ہے۔مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے پیپلز پارٹی کی موجودہ پالیسیوں پر تحفظات ہیں۔ موجودہ پیپلز پارٹی سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی جماعت نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان میں ذوالفقار علی بھٹو نظر آتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جب کنٹینر پر کھڑے ہو کر جب امریکا کو للکار رہے تھے تو مجھے ذوالفقار علی بھٹو یاد آگئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں تاہم تحریک انصاف میں شمولیت کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ مصطفیٰ قریشی کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔