لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیریارخان نے اس تاثر کو رد کر دیا ہے کہ مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹا یا جارہا ہے۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ کے نزدیک ورلڈ کپ تک مصباح الحق ہی کپتان ہیں۔ دبئی میں تیسرا ون ڈے نہ کھیلنا ان کا اپنا ذاتی فیصلہ تھا ۔ کوئی تنازعہ نہیں تھا۔ اس تاثر سے مجھے سخت افسوس ہوا۔ شاید آفریدی نے اپنی پریس کانفرنس میں غیر ذمہ دارانہ باتیں کیں۔ دیکھ رہے ہیں انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ مصباح الحق پر کوئی دباؤ نہیں انہوں نے خود کہا کہ فارم میں نہ ہوئے تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنیں گے۔ چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ بھارت ‘سری لنکااور بنگلہ دیش کامیاب رہا۔ تینوں بورڈز کے سربراہوں کا رویہ مثبت تھا۔ انہوں نے بتایاکہ 8سال میں بھارت کے ساتھ 6سریز ہوں گی البتہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہونے تک دو طرفہ سریز مشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن بہت حد تک بہتر ہو چکا ہے۔ سعید نے مجھے خود بتایا میں جانتا ہوں خرابی کہاں ہے۔ چار ہفتوں تک دور کر لوں گا۔ شیر یار خان کا کہنا تھاکہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہین۔ انہوں نے بتایا کہ محمد عامر کا مسئلہ آئی سی سی میں اٹھایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سری نواسن سے دبئی میں ملاقات ہوئی انہوں نے معادہوں پر عملدرآمد کا ایقین دلایا۔