اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور: اسلام پورہ میں ٹک ٹاکر اور بیوٹیشن ارشمہ کی پراسرار موت کے معاملے میں پولیس نے
جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دے دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ارشمہ نے مبینہ طور پر پھندہ لگا کر اپنی زندگی ختم کی۔ وہ احمد ہاسٹل کے فلیٹ نمبر 203 میں تنہا رہائش پذیر تھیں اور چند عرصہ قبل ہی مذکورہ فلیٹ کرائے پر حاصل کیا تھا۔واقعے کے بعد خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم مکمل ہونے پر ورثا کے حوالے کردیا گیا،
جبکہ جسم سے حاصل کیے گئے نمونے مزید تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ٹک ٹاکر اور بیوٹیشن ارشمہ کی لاش چند روز قبل اسلام پورہ میں واقع ان کے گھر سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی تھیں۔



















































