ِکراچی (این این آئی)شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ ثمینہ پیرزادہ سے شادی کے بعد 12 سال تک ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی۔عثمان پیرزادہ نے ٹی وی پروگرام میں اپنی شادی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
سینیئر اداکار نے اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ”ثمینہ سے میری پہلی ملاقات راولپنڈی ٹی وی اسٹیشن پر ہوئی تھی، اس ملاقات کے تیسرے دن ہی ثمینہ نے مجھے شادی کے لیے پروپوز کردیا تھا”۔عثمان پیرزادہ نے کہا کہ ”ثمینہ کی جانب سے شادی کی پیشکش ملنے پر حیران رہ گیا تھا، تاہم کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد، ہم نے شادی کرلی تھی اور ہماری شادی کو 48 برس ہوچکے ہیں”۔
اْنہوں نے کہا کہ ”ہماری شادی کو 12 سال گْزر چکے تھے لیکن ہم اولاد کی نعمت سے محروم تھے، پھر اللہ نے ہمیں بیٹی کی رحمت سے نوازا، خوش قسمتی سے کچھ عرصے بعد ہمارے یہاں دوسری اولاد بھی بیٹی ہی ہوئی”۔اداکار نے کہا کہ ”دو بیٹیوں کی پیدائش کے بعد لوگ کہنے لگے کہ ایک بیٹا بھی ہونا چاہیے جس پر میں اْن لوگوں سے کہتا تھا کہ بیٹا ایسا کیا کرلے گا جو یہ بیٹیاں نہیں کرسکتیں؟”
عثمان پیرزادہ نے یہ بھی کہا کہ ”میری اور ثمینہ کی یہی خواہش تھی کہ ہمارے ہاں دو ہی بچے ہوں اور ہماری دونوں بیٹیاں ہمارے لیے سب سے بڑی اچیومنٹ ہیں”۔واضح رہے کہ ثمینہ اور عثمان پیرزادہ کی پہلی ملاقات 1973 میں ہوئی تھی جبکہ اس جوڑے نے 1975 میں شادی کی تھی۔