کراچی( آن لائن) معروف ڈرامہ نگار اور مزاحیہ شاعر اطہر شاہ خان جیدی کراچی میں انتقال کر گئے۔اطہر شاہ خان کے اہلخانہ کے مطابق وہ طویل عرصے شوگر اور گردے کے مرض میں مبتلا تھے انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور 4 بیٹے چھوڑے ہیں۔ڈرامہ سیریل انتظار فرمائیے میں جیدی کے کردار سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے اطہر شاہ خان نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کرنے کے بعد سیکنڈری تک پشاور میں زیر تعلیم رہے جبکہ کراچی کے اْردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا اور بعد ازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت
میں ماسٹرز کیا۔اطہر شاہ خان جیدی کا شمار ٹیلی ویڑن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہائوس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، بااَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔ سال 2001 میں اطہر شاہ خان جیدی کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا، پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔