نیویارک (این این آئی)ہالی وڈ کی 9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’’کونٹیجن‘‘ نے ریلیز کے وقت باکس آفس پر 60 ملین ڈالرز کمائی کی تھی لیکن اب 2020 میں جان لیوا کورونا وائرس کے پیشِ نظر فلم کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔اسٹیوین سوڈربرگ کی ہدایت کاری میں بننے والی ہالی وڈ فلم ’کونٹیجن‘ کی 2020 میں مقبولیت کی وجہ کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس ہے
کیونکہ اس فلم کی کہانی افسانوی بیماری ’ایم ای وی-1‘ پر مبنی ہے جو کہ ایشیا سے پھیلنے کے بعد دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی ہلاکتوں کی وجہ بنی۔’ وارنر بروس‘ کی 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم اب 2020 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔لوگوں کو اس فلم میں افسانوی اور حقیقی بیماری میں کافی حد تک مماثلت نظر آئی اور یہی وجہ ہے کہ 9 سال بعد دوبارہ اس فلم کو بے شمار لوگوں کی جانب سے دیکھا جانے لگا۔فلم ’کونٹیجن‘ ریلیز کے 9 سال بعد آئی ٹیونز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ ایمازون پرائم کے چارٹ میں بھی سب سے اوپر ہے۔