کراچی (این این آئی)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ ’ثناءجاوید‘ نے کم وقت میں عمدہ کام کرکے خوب نام کمایا ہے۔ آجکل وہ ڈرامہ سیریل ’’ڈر خدا سے‘‘ میں جلوہ گر ہیں جبکہ حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامہ سیریل ’’ رومیو ویڈز ہیر‘‘ سے پہلے وہ ڈرامہ سیریل ’’ خانی ‘‘ کے ذریعے بہت شہرت اور داد سمیٹ چکی تھیں۔ ڈرامہ سیریل خانی میں جذباتی کردار ادا کرنے کے بعد ’ہیر‘ کا ہلکا پھلکا کردار عمدگی سے نبھانا ثنا کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس سلسلے میں ثنا کا کہناہے، ’’ یہ بہت مشکل تھا کیونکہ خانی کا کردار بہت گہرا اور ڈپریشن والا تھا، اس کردار میں، میں ایک
شرمیلی سے مضبوط اور خود پر انحصار کرنے والی لڑکی کاسفر طے کرتی ہوں‘‘۔خانی کا کردار ایک ایسی لڑکی کا تھا، جو ملازمت کرکے گھر کو ایک بیٹے کی طرح چلاتی ہے جبکہ ’’رومیو ویڈ ز ہیر‘‘ میں ثنا کا کردار ایک بے باک اور تیز طرار لڑکی کا تھا۔ ہیر کے انداز و بیان اور شخصیت کو اپنانے کیلئے ثنا کو بہت محنت کرنا پڑی کیونکہ اس مختلف کردار میں انہیں اپنے ڈائیلاگز اورجذبات کے اظہار کیلئے زیاد ہ توانائی کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اس کردار کو نبھانے میں ثنا اس لیے بھی بہت خوش تھیں کیونکہ یہ ان کے سابقہ روتے دھوتے، مجبور و مظلوم لڑکی والے کردار سے مختلف تھا۔