لندن(این این آئی) بالی ووڈ بگ بی امیتابھ بچن اور اداکارہ دپیکا پڈوکون رواں سال سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے افراد کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔برطانوی گلوبل ڈیٹا کمپنی ’یوگوو‘ نے ان افراد کی فہرست جاری کی ہے جنہیں 2019 میں سب سے زیادہ پسند اور سراہا گیا۔ اس ادارے کی جانب سے کئے جانیوالے آن لائن انٹرویو میں 35 ممالک کے تقریباً 37 ہزار افراد نے حصہ لیا اوردنیا بھر سے اپنی پسندیدہ شخصیت کیلئے ووٹ کیا، اس فہرست میں دنیا بھر میں پسند کیے جانے والے 20 مرد اور 20 خواتین شامل ہیں۔فہرست کے مطابق بالی ووڈ کے
شہنشاہ امیتابھ بچن 12 ویں نمبر پر شامل ہیں۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فہرست میں 16 ویں نمبر پر براجمان ہیں، لوگوں نے انہیں بھی بے حد پسند کیا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری کے سلطان سلمان خان کی مقبولیت شاہ رخ خان کے مقابلے میں تھوڑی سی کم ہے جس کے باعث وہ اٹھارہویں نمبر پر موجود ہیں۔دنیا میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی خواتین کی فہرست میں بالی ووڈ اداکارہ دپیکاپڈوکون 13 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔اداکارہ ایشوریارائے اور سشمیتا سین بھی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہیں، ایشوریا سولہویں اور سشمیتا سین سترہویں نمبر پر ہیں۔