لاہور(این این آئی)نامور اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ شوبز میں کام کرتے ہوئے کبھی کسی کیلئے برا نہیں سوچا بلکہ اپنی دانست کے مطابق دوسروں کی رہنمائی ہی کی ہے، مرد ہو یا عورت شادی کے بعد ان میں احساس ذمہ داری زیادہ ہو جاتا ہے اور شادی کے بعد زندگی میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایک انٹر ویو میں ریما نے کہا کہ انسان کو پتھر کی طرح نہیں بلکہ دریا کی طرح ہونا چاہیے ، پتھر نہ صرف راستے کی رکاوٹ ہوتا ہے بلکہ خود بھی آگے نہیں بڑھتا جبکہ دریا میں انتہائی وسعت
ہوتی ہے اور وہ آگے بڑھتا ہے ۔ کبھی کسی کے کیرئیر میں رکاوٹ نہیں بنی بلکہ دوسروں کی کامیابی پر ہمیشہ خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسے آگے بڑھنے میں بھی مدد دی ہے ۔ ریما نے کہا کہ شادی سے پہلے آپ کی اپنی زندگی ہوتی ہے اور آپ اپنے فیصلے خود کرتے ہو لیکن شادی کے بعد آپ کو بڑی سوچ بچار کیساتھ فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ آپ کو اپنے ہمسفر کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوتا ہے ،اس میں آگے نکل جانا بھی بہتر نہیں اور پیچھے رہ جانا بھی زندگی میں خلل ڈالتا ہے ۔