ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکار گزشتہ سال سے نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے کینسر کا علاج کروا رہے ہیں تاہم اب ایک سال بعد ان کے واپس بھارت آنے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔گزشتہ سال خبریں سامنے آئیں تھی کہ 66 سالہ رشی کپور کو بھی کینسر کا مرض لاحق ہوگیا، تاہم ان کے خاندان نے ان خبروں کی تردید کی تھی اور ابتدائی طور پر اداکار کی بیماری بتانے سے گریز کیا تھا۔میڈیا میں طرح طرح کی
خبریں وائرل ہونے کے بعد رواں برس جنوری میں رشی کپور کے بھائی اداکار رندھیر کپور نے ان کی بیماری کی تصدیق کی تھی جس کے بعد نیتو کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام پر رشی کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔چند روز قبل رشی کپور کے بھائی نے ایک اور انٹرویو میں بتایا تھا کہ رشی کا علاج کامیابی سے جاری ہے اور وہ جلد بالکل صحتیابی کے ساتھ بھارت واپس آنے والے ہیں۔حال ہی میں اداکار شکتی کپور نے ایک شو میں مداحوں کو بتایا تھا کہ رشی کپور رواں سال 4 ستمبر کو اپنی سالگرہ بھارت میں ان کے ساتھ ہی منائیں گے، جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں کہ رشی جلد ہی وطن واپس آرہے ہیں۔اس پورے وقت میں رشی کپور خود اپنی بیماری کے حوالے سے ہمیشہ خاموش رہے تاہم آخر کار اب اداکار نے خود کھل کر اس حوالے سے ایک انٹرویو میں بات کی اور ستمبر میں بھارت واپس آنے کے حوالے سے بھی بتایا۔رشی کپور کا کہنا تھا کہ مجھے نیویارک میں 11 ماہ تک رہنا تھا، تو میں اگست کے آخر تک بھارت واپس نہیں آسکتا، یہ وقت کافی مشکل تھا، لیکن میری اہلیہ نیتو، بچے رنبیر اور ردھیما نے مجھے بیحد سپورٹ کیا، میں سب کا بیحد شکرگزار ہوں، میں اپنا علاج مکمل ہونے کے 5 سے 6 ماہ بعد واپس آؤں گا، یہ جو بھی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ میں ستمبر تک واپس آجاؤں گا ان میں کوئی سچائی نہیں۔اپنی صحت کے حوالے سے رشی کا کہنا تھا کہ اب میں بالکل ٹھیک ہوں، لیکن میرا علاج ابھی جاری ہے، لیکن مجھے گھر بیحد یاد آتا ہے، میں 9 ماہ 16 دن سے نیویارک میں ہوں اور دن گن رہا ہوں واپس گھر جانے کے لیے۔رشی کے مطابق جب میں نیویارک آیا ہر کوئی میرے لیے پریشان تھا، لیکن ہر گزرتے ہفتے کے ساتھ میری صحت بہتر ہوئی، میں نے 26 کلو وزن کم کیا، شروع کے چار ماہ تک میں نے کچھ کھایا
نہیں، لیکن اب میرا وزن 7 کلو بڑھ چکا ہے۔اپنی فیملی کے متعلق رشی نے بتایا کہ’نیویارک میں نیتو میرے ساتھ پورے وقت رہیں، اس دوران انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دوست اور رشتہ دار سب مجھ سے ملاقات کرنے آئے، میری بیٹی ابھی میرے ساتھ ہے، رنبیر ہر 5 سے 6 ہفتے میں مجھ سے ملنے آتا، میں سب کے پیار اور سپورٹ کا بیحد شکرگزار ہوں۔