کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکار و ماڈل فیروز خان نے کہا ہے کہ اگر ان کی بہنوں کی ذاتی زندگی پر ان کا بس چلتا یا ان کے کیریئر سے متعلق ان سے پوچھ جاتا تو وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام نہیں کرنے دیتے۔خیال رہے کہ فیروز خان کی بہنیں حمیمہ اور دعا ملک بھی ان کی طرح پاکستانی
شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں جب کہ ان کی بڑی بہن حمیمہ ملک تو بولی وڈ میں بھی کام کر چکی ہیں۔اگرچہ فیروز خان کی بہنیں اور وہ خود فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں، تاہم ان کے والدین اور ان کی اہلیہ کا اس انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ شوبز یا میڈیا سے منسلک لوگ ان کے اہل خانہ کے ان افراد کا شوبز اور میڈیا میں ذکر نہ کریں جن کا شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں فیروز خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر ان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک کی ذاتی زندگی اور ان کے کیریئر سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق ان کے پاس ہوتا یا ان سے پوچھا جاتا تو وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرنے نہیں دیتے۔ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی چوں کہ ان کی بہنوں کی ذاتی زندگی پر ان کا کوئی اختیار نہیں اور وہ شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چاہتی ہیں، اس لیے وہ انہیں منع نہیں کرسکتے۔پروگرام میں انہوں نے شوبز اور مذہب میں تصادم کے حوالے سے بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ انہیں بعض مرتبہ یہ خیال آتا ہے کہ شوبز اںڈسٹری اور مذہب میں تصادم ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے نصیب میں شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ اس انڈسٹری کا حصہ رہیں گے اور جس دن ان کی قسمت سے متعلق دوسرا فیصلہ ہوگیا تو وہ اسی پر عمل کریں گے۔انہوں نے ذو معنی جملوں میں کہا کہ کسی کی زندگی اور نصیب پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا اور ان کے بھی نصیب میں جب تک شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ کرتے رہیں گے۔