کراچی (این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور ہدایت کار عاصم رضا نے بتایا ہے کہ میں چاہتا تھا کہ میرا اور ماہرہ خان کے مابین بے بنیاد جنگ ختم ہو جائے، اس سلسلے میں، میں نے دونوں اداکاروں سے علیحدہ علیحدہ بات کی اور دونوں کو اصل حقیقت بیان کی۔ عاصم رضا کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے میں نے میرا کو بتایا کہ جو کچھ میڈیا میں ماہرہ سے متعلق آپ کے بارے میں آرہا ہے، وہ دْرست نہیں ہے، ماہرہ آپ کی بہت عزت کرتی ہیں، کچھ لوگ آپ دونوں کو آپس میں لڑوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب میں نے
ماہرہ خان کو بتایا کہ میرا تم سے بہت پیار کرتی ہیں اور وہ تم سے ہرگز لڑنا نہیں چاہتیں، بعدازاں میں نے ان دونوں اسٹارز کو اپنی فلم کے ایک ’آئٹم نمبر‘ میں ایک ساتھ رقص کرنے پر بھی راضی کر لیا تھا، لیکن ماہرہ خان فلم ’سپر اسٹار‘ میں مصروفیت کی وجہ سے میرا کے ساتھ پرفارم نہیں کر سکیں، تو ہم نے میرا اور مایا کو لے کر گانا فلمایا۔ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ میرا اور ماہرہ خان نے ایک گانا تو نہیں کیا البتہ دونوں نے میری فلم میں کام کیا ہے اور اب ان دونوں کے درمیان کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہے۔