سڈنی (این این آئی)دنیا بھر میں ہونے والے خوبصورتی کے مقابلوں میں زیادہ تر کم عمر اور نوجوان لڑکیاں ہی فاتح قرار پاتی ہیں۔تاہم آسٹریلیا میں ہونے والے ایک مقابلہ حسن میں نوجوان لڑکی کے بجائے ادھیڑ عمر نے خوبصورتی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ ادھیڑ عمر کی خاتون نے خوبصورتی کے اس مقابلے میں اپنی 18 سالہ بیٹی کو ہی پیچھے چھوڑا۔جی ہاں، آسٹریلیا میں ہر سال ہونے والے ’مس گلیکسی آسٹریلیا‘ کے مقابلے میں 42 سالہ ٹیمی رابرٹس نے خوبصورتی میں اپنی 18 سالہ بیٹی جورڈین اسپینلی کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔’مس گلیکسی آسٹریلیا 2018‘ کا مقابلہ گزشتہ برس ہوا تھا، جس میں آسٹریلیا بھر سے کئی خوبرو لڑکیوں نے حصہ لیا تھا۔خوبصورتی کا مقابلہ منعقد کرنے والی تنظیم ہر سال ’مس گلیکسی‘ کا مقابلہ حسن منعقد کرتی ہے۔یہ تنظیم گزشتہ 18 سال سے مقابلہ حسن منعقد کرتی آ رہی ہے، مس گلیکسی کا اعزاز جیتنے والی حسینہ کو ہر سال امریکا میں ہونے والے مس انٹرنیشنل گلیکسی کے مقابلہ حسن میں بھیجا جاتا ہے۔یہ تنظیم گزشتہ 18 سال سے ’مس ٹین گلیکسی آسٹریلیا‘ کا مقابلہ منعقد کرتی آ رہی ہے، جب کہ اسی تنظیم نے 2015 میں ’مس گلیکسی آسٹریلیا‘ کا مقابلہ بھی شروع کیا۔اسی تنظیم نے 2018 میں پہلی بار خوبصورتی کے تیسرے مقابلے کا انعقاد بھی کیا اور اسے بھی ’مس گلیکسی آسٹریلیا‘ کا نام دیا گیا۔