دبئی (آئی ا ین پی) دنیا کی بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی عمار نے بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کو برج خلیفہ کے ٹاپ فلور پر دوبارہ شادی کی دعوت دیدی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی کی رئیل اسٹیٹ کمپنی عمار کی جانب سے پریانکا چوپڑا اور نک جونس کودعوت دی گئی ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر دبئی میں اپنی شادی کریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دبئی کی رئیل اسٹیٹ کمپنی عمار نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دو تصاویر شیئر کی ہیں جس میں ایک تصویر پریانکا اور نک کی شادی کی ہے جبکہ
دوسری تصویر برج خلیفہ کے ٹاپ فلور کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ پریانکا اور نک جونس کی محبت کی کہانی نے انہیں شدید متاثر کیا ہے اور وہ انہیں دعوت دیتے ہیں کہ یہ جوڑا یہاں آئے اورایک مرتبہ پھر دنیاکی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے ٹاپ فلور پر شادی کرے۔عمار نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ اگر پریانکا اور نک ایسا کرنا چاہتے ہیں تو وہ انہیں براہ راست ایک میسیج کریں جس کے بعد شادی کی تقریب کے تمام انتظامات وہ خود کریں گے تاہم پریانکا اور نک نے اب تک اس ٹوئٹ کا جواب نہیں دیا ہے۔