ممبئی(این این آئی)بھارت کی سب سے مہنگی ترین فلم’ ’ٹو پوائنٹ زیرو‘‘ کو یوں تو گزشتہ ماہ 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔تاہم اس فلم نے ایک ہی ہفتے میں ریکارڈ کمائی کرکے نئے اعزازات اپنے نام کرلیے۔اگرچہ اکشے کمار اور رجنی کانت کی اس فلم کے ہندی ورڑن
نے ایک ہی ہفتے میں دنیا بھر سے اب تک صرف 132 کروڑ روپے ہی کمائے ہیں۔تاہم اس فلم کے تمام ورڑنز نے مجموعی طور پر 7 دن میں سینما گھروں سے ریکارڈ کمائی کرنے سمیت سیٹ لائیٹ حقوق کی مد میں بھی 370 کروڑ روپے کما کر نئی تاریخ رقم کردی۔رپورٹس کے مطابق اس فلم کو 550 کروڑ یعنی ساڑھے 5 ارب روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا تھا، جس کا صرف ایک گانا ہی 20 کروڑ روپے کے خرچ سے تیار کیا گیا تھا۔جہاں اس فلم کے گانے پر 20 کروڑ روپے لگائے گئے تھے، وہیں اس فلم میں ولن اکشے کمار اور ہیرو رجنی کانت کے درمیان ہونے والی لڑائی کے چند مناظر پر بھی 20 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔یعنی اس فلم کے کچھ مناظر کا خرچ عامر خان اور اکشے کمار کی کچھ پوری فلموں سے بھی زیادہ تھا۔’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کو ہندی سمیت تیلگو اور تامل زبانوں میں بھی 29 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، جب کہ اسے ٹو ڈی سمیت تھری ڈی میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔اس فلم کو کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما اور لوشیا پروڈکشن نے مل کر دنیا بھر میں ریلیز کیا تھا۔فلم کو ریلیز کرنے والی پروڈکشن کمپنی لوشیا نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ فلم نے ابتدائی ایک ہی ہفتے میں دنیا بھر سے 500 کروڑ روپے کمالیے۔یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی بھارتی فلم ابتدائی ہفتے میں ہی 500 کروڑ کلب میں شامل ہوئی۔