وارسا(این این آئی) مقابلہ ہائے حسن دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن ان میں پاکستان کی نمائندگی شائدہی ہوتی ہے کہ ہمارے ہاں ایسے مقابلوں میں لڑکیوں کا شرکت کرنا اب بھی شجرممنوعہ قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ پولینڈ میں ہونے والے ’مس سپرنیشنل‘ نامی مقابلہ حسن میں ایک پاکستانی لڑکی بھی شرکت کر رہی ہے۔ اس خوبصورت ماڈل کا نام انزلیکہ طاہر( Tahir Anzhelika) ہے، جس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا رکھی ہے۔
انزلیکہ طاہر کی پرورش یوکرین میں ہوئی ہے اور وہ اس سے قبل2016ء میں فلپائن میں ہونے والے مقابلہ حسن ’مس ارتھ‘میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہے۔پولینڈ سے گزشتہ روز اس نے پاکستانی پرچم کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جسے پاکستانیوں کی اکثریت خوب سرارہی ہے تاہم بعض لوگ اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ بھی اس نے اپنی کئی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کر رکھی ہیں۔ ان میں سے ایک میں وہ مقابلے میں شریک بھارتی ماڈل کے ساتھ ہوتی ہے۔