ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ناکامی کی مکمل ذمے داری قبول کرتے ہوئے فلم بینوں سے معذرت کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کا اپنی نئی فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ کے بارے میں کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا پوری طرح احساس ہے کہ فلم ان کے مداحوں کو اس مرتبہ تفریح فراہم نہیں کرسکی اور شائقین کے معیار پر پورا نہیں اترسکی جس کی مکمل ذمے داری قبول کرتا ہوں۔مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم نے اس فلم میں
کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن ہم سے کہیں نہ کہیں کوئی غلطی ہوئی ہے، بعض لوگوں نے فلم کو پسند کیا جن کے ہم شکرگزار ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہے جب کہ اکثریت نے فلم کو پسند نہیں کیا اور ہم یہ اچھی طرح جانتے ہیں۔عامر خان نے کہا کہ وہ فلم بینوں سے معذرت کرتے ہیں کیونکہ وہ بہت سی توقعات کے ساتھ یہ فلم دیکھنے گئے تھے۔فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ یش راج فلمز نے پروڈیوس کی تھی جس کی ہدایات وجے کرشنا اچاریہ نے دی تھی، یہ فلم بھارتی تاریخ کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک ہے۔