لاہور(آئی این پی) حکومت پنجاب کا فنکاروں کی بہبود کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز فنکاروں کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ مشکل وقت میں فنکاروں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑ یں گے۔ انہوں نے بتایا کہ10 ہزار فنکاروں میں 4لاکھ روپے کے ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کرارہے ہیں۔ فنکاروں کیلئے 2 کروڑروپے کابجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا
کہ ہرسال دو سوفنکاروں کے اعزارمیں پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ پروگرام میں شامل ہرفنکارکو ایک لاکھ روپے کاچیک دیا جائے گا۔وائس آف پنجاب کے ذریعے صوبے بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگر ام شروع کیے جائیں گے ۔ سینئر اداکاراورنگ زیب لغاری نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کارڈجاری کرناحکومت کی اچھی پالیسی ہے ۔صوبائی وزیر سے ملاقات میں اداکارتوقیر ناصر، خالد عباس ڈار،حمیراارشد،استاد حامد علی خان، انور رفیع،ترنم نازاور سید نور سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی ۔