ہریانہ(این این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت کی جانب سے غیر ملکی خاتون ریسلر کو ڈانس کا چیلنج کرنا مہنگا پڑگیا، خاتون ریسلر نے مشتعل ہوکر اداکارہ کو اٹھا کر پٹخ دیا جس پر انہیں اسپتال جانا پڑگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے متنازع بیانات کی وجہ
سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ راکھی ساونت کو خاتون ریسلر نے زخمی کرکے اسپتال پہنچا دیا۔ اداکارہ کے ساتھ یہ حادثہ صوبے ہریانہ کے شہر پنچکولا میں ہونے والے ریسلنگ مقابلے میں پیش آیا جہاں ایونٹ کی پبلسٹی کے لیے انہیں بھی مدعو کیا گیا تھا۔ایونٹ کے دوران ایک غیرملکی خاتون ریسلر نے سب کو لڑنے کا چیلنج دیا جسے قبول کرتے ہوئے راکھی رنگ میں پہنچ گئیں۔ ریسلر خاتون نے ان سے لڑنے کا کہا لیکن راکھی نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ ڈانسر ہیں ریسلر نہیں اور ڈانس میں مقابلہ کرنا چاہتی ہیں اور اس طرح راکھی نے الٹا خاتون ریسلر کو رقص کا چیلنج کردیا۔دونوں خواتین کی جانب سے رقص کا مقابلہ شروع ہوا ہی تھا کہ اْس دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پھر خاتون ریسلر نے اچانک ہی راکھی کو اْٹھا کر پٹخ دیا جس کی تاب نہ لاتے ہوئے اداکارہ ڈھیر ہوگئیں اور ان سے اٹھا بھی نہیں گیا۔ دو خواتین انہیں اٹھا کر لے گئیں اور انتظامیہ نے اداکارہ کو فوری اسپتال پہنچایا۔ واقعے کے نتیجے میں راکھی ساونت کو کمر میں چوٹ آئی۔