ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارا علی خان پر فلم نگری میں ڈیبیو سے قبل ہی قسمت کی دیوی مہربان ہوگئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سارا علی خان فلم ’کیدر ناتھ‘ سے ڈیبیو کرنے کے بعد روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ میں نظر آئینگی۔ ابھی فلم ’کیدر ناتھ‘ اور فلم ’سمبا‘ ریلیز ہی نہیں ہوئی کہ انہوں نے تیسری فلم جوائن کرلی ۔اْن کے مداحوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ سارا انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے معروف اداکار کارتک آریان کے ساتھ ہدایت کار امتیاز علی کی فلم میں بھی جلوہ
بکھیرتی نظر آئینگی جس کی شوٹنگ اگلے سال شروع کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق رومانوی کہانی سے بھرپور فلم میں ہدایت کار امتیاز علی اداکار کارتک آریان کے مد مقابل نئے چہرے کو لانا چاہتے تھے لیکن فلم ’کیدر ناتھ‘ کے ٹریلر میں سارا کی اداکاری اور مکالمے نے ہدایتکار کو اپنا گرویدہ بنا دیا تھا ۔واضح رہے کہ ابھیشیک کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کیدر ناتھ‘ میں سارہ علی خان ’مکو‘ اور سوشانت سنگھ راجپوت ’منصور‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 7 دسمبر کو سینماء گھروں کی زینت بنے گی۔