بنگلور(این این آئی)نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی تقریبات کاآغاز ہوگیا ہے ۔دپیکا پڈوکون کے گھر ہندوؤں کی مذہبی رسوم وروایات کے مطابق پوجا کا اہتمام کیاگیا ہے جس میں دلہا اوردلہن کی آنیوالی زندگی کی خوشیوں، صحت اورلمبی زندگی کی دعا کی جاتی ہے۔اس پوجا کا اہتمام دلہا اوردلہن دونوں کے گھر کیا جاتا ہے تاہم فی الحال یہ تقریب دپیکا پڈوکون کے گھر منعقد کی گئی ہے جس میں دپیکا زرد رنگ کے
لباس میں نہایت خوش اور خوبصورت نظر آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دپیکا پڈوکون کا لباس معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی نے ڈیزائن کیا ہے، سبیاساچی وہی ڈیزائنر ہیں جنہوں نے انوشکا کی شادی پر ان کے لباس ڈیزائن کئے تھے۔واضح رہے کہ دپیکا اوررنویر رواں ماہ کی 14 اور15 تاریخ کو اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے شادی کی تقریبات میں صرف 30 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ موبائل کے استعمال پر پابندی ہے۔