اسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکا نے 63 پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے تین سال تک ملازمت کی اجازت دینے والے خصوصی ورک ویزا کی تفصیلات سامنے لادی ہیں،
تاہم اس سہولت سے پاکستانی شہری فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے کیونکہ اس پروگرام کے لیے صرف کینیڈا اور میکسیکو کے شہری اہل قرار دیے گئے ہیں۔امریکی ٹی این (TN) ورک ویزا کے ذریعے انجینئرنگ، طب، تعلیم، سائنس، اکاؤنٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین کو امریکا میں ملازمت کرنے کا موقع ملتا ہے۔یہ ویزا 1994 میں شمالی امریکا کے آزاد تجارتی معاہدے (NAFTA) کے تحت متعارف کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں یکم جولائی 2020 سے نافذ ہونے والے یو ایس ایم سی اے معاہدے میں بھی اس سہولت کو برقرار رکھا گیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ٹی این ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کا کینیڈا یا میکسیکو کا شہری ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ امریکا میں کسی آجر کی جانب سے ملازمت کی پیشکش اور متعلقہ پیشے کے لیے مقررہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت کا ہونا بھی ضروری ہے۔اس پروگرام میں شامل 63 پیشوں میں اکاؤنٹنٹ، آرکیٹیکٹ، کمپیوٹر سسٹمز اینالسٹ، انجینئر، وکیل، سوشل ورکر، رجسٹرڈ نرس، فارماسسٹ، ڈاکٹر، سائنس دان، ماہر حیاتیات، کیمسٹ، ماہر ارضیات اور یونیورسٹی و کالج کے اساتذہ سمیت دیگر شعبوں کے ماہرین شامل ہیں۔درخواست دینے کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کینیڈین شہری مخصوص امریکی سرحدی چوکیوں یا پری کلیئرنس مراکز پر ٹی این ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ میکسیکو کے شہریوں کو پہلے امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے سے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔منظوری کی صورت میں درخواست گزار کو امریکا میں زیادہ سے زیادہ تین سال تک ملازمت کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ اگر ویزے کی تمام شرائط برقرار رہیں تو اس کی مدت میں مزید توسیع بھی کرائی جاسکتی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف متعلقہ شعبے میں ڈگری، مہارت یا تجربہ رکھنے سے کوئی شخص خودبخود ٹی این ویزا حاصل کرنے کا اہل نہیں بن جاتا، بلکہ اس پروگرام میں درخواست گزار کی شہریت بنیادی شرط ہے۔ اسی وجہ سے پاکستانی شہری مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے کے باوجود اس ویزا کے لیے براہِ راست درخواست نہیں دے سکتے۔البتہ پاکستانی پروفیشنلز امریکا میں ملازمت کے حصول کے لیے ایچ ون بی (H-1B)، او ون (O-1) اور دیگر متعلقہ امیگریشن ویزا کیٹیگریز کے تحت درخواست دینے پر غور کرسکتے ہیں، جن کے لیے الگ اہلیت اور ضابطے مقرر ہیں۔



















































