اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مقامی تعطیل کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنے متعدد دفاتر اور رجسٹریشن مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعہ 27 نومبر 2026 کو دونوں شہروں میں واقع مختلف دفاتر میں عوامی خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی۔
اسلام آباد میں بند رہنے والے مراکز میں زونل آفس بارہ کہو، زونل آفس اسلام آباد، نادرا رجسٹریشن سینٹرز بھارہ کہو، ترمڑی، بی آئی ایس پی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، او پی ایف، قومی اسمبلی، جی ٹین، پی ڈبلیو ڈی اور بلیو ایریا کا میگا سینٹر شامل ہیں۔
اسی طرح راولپنڈی میں میگا سینٹر زونل آفس راولپنڈی، زونل آفس اسکیم تھری، زونل آفس روات، میگا سینٹر راولپنڈی ون اور ٹو، نادرا رجسٹریشن سینٹر ہائی کورٹ، اڈیالہ، بکرامنڈی، سی ایس ڈی، سٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور روات کے مراکز بھی بند رہیں گے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ متعدد یونین کونسلز میں قائم نادرا کاؤنٹرز پر بھی خدمات معطل رہیں گی۔ ان میں ترہیہ، کنٹونمنٹ بورڈ، نیول کمپلیکس، بری امام، کُری، کرپا، کھنہ ڈاک، چراہ، سوہان، شاہ اللہ دتہ، سیدپور، سرائے خربوزہ، تمیر اور علی پور شامل ہیں۔
نادرا کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل رجسٹریشن وینز اور بائیکر سروس بھی اس دوران کام نہیں کریں گی۔ 24 گھنٹے کھلے رہنے والے میگا سینٹرز جمعہ کی رات 12 بجے سے ہفتے کی صبح ساڑھے 8 بجے تک بند رہیں گے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ دفاتر کی بندش کے دوران نادرا کی مختلف سہولیات پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں۔



















































