اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) سعودی عرب میں روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو ملازمت قبول کرنے سے قبل اپنے کنٹریکٹ کی تمام شرائط،
بالخصوص پروبیشن پیریڈ سے متعلق قواعد کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ معاہدے کی مکمل سمجھ بوجھ کارکنوں کو اپنے قانونی حقوق محفوظ رکھنے اور ملازمت کے حوالے سے بہتر فیصلہ کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ملازمت کا معاہدہ دستخط کرنے سے پہلے اس بات کی تصدیق کرنا ضروری ہے کہ اس میں ماہانہ تنخواہ، اضافی مراعات، عہدے اور کام کی نوعیت، جائے تعیناتی، ڈیوٹی کے اوقات، ملازمت کی مدت اور دیگر شرائط واضح طور پر درج ہوں۔ آزمائشی مدت اور اس دوران ملازمت ختم کرنے کے ضوابط کو بھی اچھی طرح پڑھنا چاہیے۔ کارکن معاہدے کی کاپی اپنے پاس رکھیں اور بھرتی کے وقت کیے گئے وعدوں اور تحریری شرائط میں فرق کی صورت میں دستخط سے پہلے وضاحت طلب کریں۔
پروبیشن پیریڈ ملازمت کا ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے، جس میں ادارہ اور ملازم دونوں ایک دوسرے کی کارکردگی، ضروریات اور توقعات کو جانچتے ہیں۔ سعودی عرب کے قانون کے تحت آزمائشی مدت کا معاہدے میں واضح ذکر لازمی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ مجموعی مدت 180 دن تک مقرر ہوسکتی ہے، جو متعلقہ قانونی ضوابط اور معاہدے کی شرائط کے تابع ہے۔اس ابتدائی مدت کے دوران آجر یا ملازم معاہدہ ختم کرسکتے ہیں، تاہم اس کے لیے کنٹریکٹ میں درج شرائط اور قابلِ اطلاق قانون کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ملازمت ختم ہونے کی صورت میں کارکن اپنی بقایا تنخواہ، دیگر واجبات اور قانونی استحقاق کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ وطن واپسی کے انتظامات، سفری اخراجات اور دیگر ذمہ داریوں کا فیصلہ بھی متعلقہ قوانین اور حالات کے مطابق ہوگا۔
ملازمت ختم ہونے یا آزمائشی مدت پوری ہونے پر کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اپنے معاہدے کی روشنی میں حقوق اور واجبات کا جائزہ لیں۔ اگر آجر کے ساتھ کسی معاملے پر اختلاف پیدا ہو تو تمام دستاویزات اور تحریری ثبوت محفوظ رکھیں اور سعودی وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی سے قانونی رہنمائی حاصل کریں۔پاکستانی کارکنوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ملازمت کے معاہدے پر دستخط کرنے میں جلد بازی نہ کریں، تمام شرائط مکمل طور پر پڑھیں اور پروبیشن پیریڈ کے قواعد سمجھنے کے بعد ہی رضامندی ظاہر کریں۔ کسی شق کے بارے میں شک یا ابہام ہو تو پہلے اس کی وضاحت حاصل کریں تاکہ بعد میں کسی مشکل یا نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



















































