میری لینڈ (این این آئی)میسجنگ ایپس پر فرضی نام یا خالی پروفائل تصویر استعمال کرکے اپنی شناخت چھپانے والے صارفین کے لیے نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ کی تحقیق کے مطابق ایک ایپ پر شیئر کی جانے والی معمولی معلومات کو دوسری ایپس کے ڈیٹا سے ملا کر کسی بھی صارف کی اصل شناخت اور اس کا جسمانی مقام معلوم کیا جاسکتا ہے۔یونیورسٹی آف میری لینڈ اور جنوبی کوریا کے ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے ٹیلی گرام، واٹس ایپ، ٹنڈر اور جنوبی کوریا کی مقبول میسجنگ ایپ کاکا ٹاک جیسی سروسز کا جائزہ لیا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ سائبر حملہ آور ان پلیٹ فارمز پر موجود معمول کی سہولیات اور میٹا ڈیٹا کو آپس میں ملا کر صارفین کی شناخت اور ان کے حقیقی مقامات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
اس طریقے کے لیے نہ تو ایپس کی انکرپشن توڑنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی صارفین کے نجی پیغامات پڑھنے کی۔محققین کے مطابق جنوبی کوریا میں کاکا ٹاک انتہائی مقبول ہے اور ملک کی تقریبا 94 فی صد آبادی اسے استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے اس پلیٹ فارم پر سامنے آنے والے سیکیورٹی خدشات خاص اہمیت رکھتے ہیں۔



















































