اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی صدارت میں ٹرانسپورٹ یونین اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گاڑیوں کی فٹنس اور اسموگ کے خاتمے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹ یونین کو ہدایت کی گئی کہ 30 نومبر تک تمام گاڑیوں کو دھویں سے پاک بنایا جائے۔کائنات اظہر خان نے خبردار کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ ایسی گاڑیاں شہریوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں پر ترپال ڈالنا لازمی ہوگا۔ اس حکم پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق 30 نومبر کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن کیا جائے گا، جبکہ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پہلے ہی جاری ہیں۔دوسری جانب ٹرانسپورٹ یونین نے اسموگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کو اسموگ سے پاک کرنا ترجیح ہے اور شہریوں کی جان و صحت کا تحفظ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔



















































