اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں موجود اپنی جائیدادوں سے متعلق لینڈ ریکارڈ کی سہولیات فراہم کرنے کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
جدہ کے بعد اب ریاض میں قائم پاکستانی قونصلیٹ سے بھی زمینوں کے ریکارڈ اور رجسٹریشن کی مختلف خدمات حاصل کی جاسکیں گی۔پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مقیم پاکستانی شہری قونصلیٹ جاکر پنجاب میں اپنی اراضی سے متعلق ضروری دستاویزات اور خدمات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ان سہولیات میں ریکارڈ کے لیے فرد کا حصول، فروخت اور لین دین کے لیے فرد، منظور شدہ انتقال کی نقل اور گرداوری کی دستاویزات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ای رجسٹری، خریدار کے نام رجسٹری اور فروخت کنندہ کے لیے رجسٹری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔اس اقدام کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی زمینوں کے معاملات نمٹانے کے لیے وطن واپس آنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ سعودی عرب میں رہتے ہوئے ہی جائیداد سے متعلق ضروری کارروائی مکمل کرسکیں گے۔
پی ایل آر اے کے مطابق اس سہولت سے شہریوں کے سفری اخراجات اور کاروبار یا ملازمت سے چھٹی لینے کی ضرورت میں کمی آئے گی۔ مزید برآں سرکاری سطح پر محفوظ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے لین دین اور دستاویزات کی تصدیق ممکن ہوگی، جس سے جعل سازی اور دھوکا دہی کے خدشات کم کرنے میں مدد ملے گی۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مرکزی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ان خدمات کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں کو لینڈ ریکارڈ تک تیز، محفوظ اور مؤثر رسائی فراہم کی جائے گی۔



















































