اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں معروف لائیو اسٹریمنگ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بیگو لائیو (Bigo Live) اور لائیکی (Likee) کی باضابطہ رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔
اس اقدام کا مقصد آن لائن مواد کی نگرانی کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہے۔پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ’’بیگو سروس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘ کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے۔اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ رجسٹریشن غیر قانونی آن لائن مواد کی روک تھام سے متعلق 2021 کے قواعد اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال اور پاکستان کے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق اس پیشرفت سے اتھارٹی اور دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان رابطے اور تعاون کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔ بالخصوص بیگو کے اشتراک سے آن لائن مواد کی نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔پی ٹی اے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ شفاف روابط، مؤثر تعاون اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



















































