کراچی(این این آئی) پاکستان میں 92 معدنیات دریافت ہوچکی ہیں، جن میں سے 52 معدنیات تجارتی بنیادوں پر نکالی جا رہی ہیں،
جبکہ ملک کے معدنی ذخائر کی مالیت کا تخمینہ 8 ہزار ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ تاہم معدنی شعبے کا ملکی مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 3 فیصد سے بھی کم ہے۔معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل سے آگاہ کرنے کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء ، 12 اور 13 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔رپورٹ کے مطابق ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں میں شامل ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 2028ء کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 2 لاکھ 97 ہزار اونس سونا حاصل ہونے کا امکان ہے۔پاکستان اور امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز کے درمیان اہم معدنیات کی ترقی کے حوالے سے معاہدے بھی کیے گئے ہیں۔
مؤثر پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے ذریعے معدنی برآمدات 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر تک پہنچانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ئ میں ملک کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔



















































