اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،
جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3540 روپے تک پہنچ گیا ہے، جو ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں اس کی قیمت 800 روپے بڑھنے کے بعد 3000 روپے ہوگئی، جبکہ خضدار میں 400 روپے اضافے سے تھیلا 3400 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3200 روپے تک پہنچ گیا۔ حیدرآباد میں قیمت میں 280 روپے اضافے کے بعد یہی تھیلا 3480 روپے میں دستیاب ہے۔کوئٹہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 190 روپے بڑھ کر 3220 روپے ہوگئی، جبکہ سکھر میں 140 روپے اضافے کے بعد 20 کلو تھیلا 3200 روپے کا فروخت ہو رہا ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں فرق دیکھا گیا ہے۔ سرگودھا میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 2933 روپے ہے،
جبکہ ملتان میں 66 روپے اضافے کے بعد قیمت بھی 2933 روپے ہوگئی ہے۔ بہاولپور میں 40 روپے اضافے کے نتیجے میں تھیلا 3000 روپے تک پہنچ گیا۔خیبرپختونخوا میں پشاور کے شہریوں کو 20 کلو آٹے کا تھیلا 3300 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے، جبکہ بنوں میں اس کی قیمت 3200 روپے ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3373 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3333 روپے پر برقرار ہے۔دیگر شہروں میں گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3000 روپے، سیالکوٹ میں 3133 روپے اور لاہور میں 2300 روپے میں دستیاب ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتیں یکساں نہیں، جبکہ کراچی، حیدرآباد اور خضدار سمیت کئی شہروں میں صارفین کو نسبتاً زیادہ قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔



















































