اسلام آباد(نیوز ڈیسک)خام لوہے اور اسٹیل پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں توسیع، سریے کی قیمت میں اضافے کا امکانحکومت کی جانب سے خام لوہے اور اسٹیل کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی مدت میں توسیع کے بعد سریے کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خام لوہے اور اسٹیل کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کو 31 مارچ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق، خام لوہے پر 10 فیصد جبکہ اسٹیل مصنوعات پر 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ اس ڈیوٹی کے باعث خام لوہے اور اسٹیل کی قیمت میں 11 ہزار روپے فی ٹن کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں فی ٹن قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق، ریگولیٹری ڈیوٹی میں اس توسیع کے نتیجے میں تعمیراتی شعبہ اضافی مالی بوجھ کا شکار ہو سکتا ہے، جبکہ صنعتی پیداوار پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسٹیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صنعتی شعبے کے لیے چیلنجز پیدا کر سکتا ہے، جس سے مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔