کراچی (این این آئی) رواں سال 2024 میں نو سال کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل گر رہی ہے تاہم سال 2024 میں روپے کی قدر مجموعی طور پر مستحکم رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال 2024 میں نو سال کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ 2024 سے پہلے 8 سال میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں سالانہ 10 فیصد کی کمی ہورہی تھی۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 278 روپے 37 پیسے پر ہے، جو 31 دسمبر 2023 کو تقریبا 281 روپے 85 پیسے سے اوپر تھا، ایکسچینج ریٹ میں بہتری ترسیلات زر میں اضافے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کی وجہ سے دیکھی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق 20 دسمبر تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب 37 کروڑ ڈالر سے تجاویز کر گئے اور اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب 85 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ہو چکے ہیں۔جولائی سے نومبر 2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے سرپلس رہا ہے جو گزشتہ مالی سال کے پانچ ماہ میں ایک ارب 66 کروڑ 60 لاکھ ڈالر خسارے میں تھا۔