اسلام آباد (این این آئی)فارماسیوٹیکل کی ایکسپورٹ 5 ارب ڈالر تک لے جانے کیلیے اہم ڈیمانڈ سامنے آگئی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر انوشے رحمان کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس کے دوران فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے نمائندے نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان 40 کروڑ ڈالر جبکہ بھارت 32 ارب ڈالر کی فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ کررہا ہے۔
اس پر چیئرپرسن کمیٹی نے استفسار کیا کہ آپ کی کون سی سپورٹ فوری کی جائے تو ایکسپورٹ بڑھ سکتی ہے؟فارماسیوٹیکل نمائندے نے کہا کہ ہم نیٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی) سے فارما ایکسل کی ڈیمانڈ کی ہوئی ہے، یہ ڈیمانڈ پوری کردیں تو ایکسپورٹ 4 سے 5 ارب ڈالر ہوسکتی ہیں۔انوشے رحمان نے اس پر سوال کیا کہ یہ فارما ایکسل ماڈل کیا ہے؟ نمائندے نے جواب دیا کہ فارما ایکسل ماڈل میں انٹرنیشنل ریگولیٹرز سے مذاکرات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی 200 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، ہماری صرف 7 سے 8 رجسٹر ہوتی ہیں۔نمائندہ فارماسیوٹیکل نے کہا کہ ہماری پراڈکٹس کی اچھے طریقے سے مارکیٹنگ ہونی چاہیے، ملک میں مزید پلانٹس لگنے چاہئیں۔