رائے ونڈ (این این آئی)حکومت کا انتقام یا عوامی خدمت کے نئے دورکا آغاز۔حکومت پنجاب نے محکمہ مال کے پٹواریوں کو سبزی فروخت کرنے پر لگا دیا ،پٹواری حضرات مختلف علاقوں میں رکشے پر سبزی لاد کر
فروخت کرنے میں مصروف ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے محکمہ مال کے پٹواریوں کو دفاتر سے نکال کر انہیں عوام کو سستی اجناس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے رکشوں پر سستی سبزیاں فروخت کرنے پر تعینات کردیا ہے جس سے پٹواری حضرات اپنی اس انوکھی ڈیوٹی سے پریشان نظر آرہے ہیں ڈی سی لاہور کی ہدایت پر تحصیل رائے ونڈ کے مختلف پٹواریوں کو تحصیل کے مختلف علاقوں میں سستی سبزیاں فروخت کرنے پر معمور کردیا گیا ہے ایک پٹواری نے اپنا نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت ہمیں ذلیل کرنے کیلئے خوانچہ فروش بنا رہی ہے ہم اس ڈیوٹی کی وجہ سے ذہنی مریض بن رہے ہیں اپنے دفاتر کو چھوڑ کر صبح سویرے سبزی منڈی جاکر مال لیتے ہیں بعدازاں مختلف علاقوں میں جاکر سبزیاں فروخت کرتے ہیں ذرائع کے مطابق حلقہ پٹواری خوانچہ فروش بننے کے بعد انکے منشی سبزیوں کی آوازیں لگانے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔