لاہور( این این آئی) سپیڈو بس سروس کے ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کلمہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ، مظاہرین نے میٹرو بس سروس کو بھی روک دیا تاہم انتظامیہ نے مذاکرات کر کے بس سروس کو بحال کر الیا ۔
تفصیلات کے مطابق سپیڈ و بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پہلے گلبرگ میں کمپنی کے دفتر سامنے احتجاج اور بعد ازاں ریلی کی صورت میں کلمہ چوک پہنچ گئے اور دھرنا دے کر شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ۔ اس دوران مظاہرین میٹرو بس کے ٹریک پر بھی آگئے جس سے سروس معطل ہو گئی ۔ اطلاع ملنے پر سپیڈو بس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کر کے انہیں مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر میٹرو بس ٹریک اور ٹریفک بحال کردی ۔مظاہرین کا کہنا تھا اگر ہمارے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو ہم دھرنا دیدیں گے ۔