بہاولنگر(این این آئی ) گندم کی امدادی قیمت بڑھنے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے مختلف اضلاع میں آٹے کے مختلف ریٹ چل رہے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع میں پوائنٹ بنانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس
مہینہ میں آٹے کے نرخ میں 10 سے 15 روپے فی کلو تک اضافے کا امکان ہے اسی طرح آٹے کے گٹو کی قیمت میں بھی 55 سے 75 روپے تک کا اضافہ ہوسکتا ہے اس سلسلہ میں حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں رمضان بازاروں کیساتھ ساتھ صوبہ بھر کے مختلف مقامات پر آٹا سیل پوائنٹ قائم کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔دوسری جانب مافیا اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کیلئے متحرک نظر آرہا ہے حکومتی دعوؤں کے باوجود آٹا‘ چینی‘ گھی‘ دالیں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء ہر گزرتے دن کیساتھ عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں ملک کے مختلف علاقوں میں ایک ہفتہ کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ چینی کی قیمت بھی سنچری مکمل کررہی ہے کریشنگ سیزن جاری ہونے کے باوجود چینی مافیا چینی کو بلیک اور مہنگا کرنے کیلئے متحرک ہے اداروں کا کوئی کنٹرول نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے مختلف اشیاء کے نرخ ہر جگہ الگ الگ دیکھنے میں آرہے ہیں جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام کیلئے مزید مشکلات بڑھیں گی۔