کراچی(این این آئی) مقررین نے کہا کہ پاکستانی ہر سال 554ارب روپے خیراتی اداروں کو دیتے ہیں۔مقررین نے پاکستان پیس کالیکٹو،نیشنل کائونٹرٹیررازم اتھارٹی ،سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے تحت منعقدہ محفوظ خیراتی اداروں کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر
سال 554ارب روپے خیراتی اداروں کو دیتے ہیں جب کہ 26 فیصد پاکستانی نہیں جانتے کہ ان کی دی ہوئی خیراتی رقم کہاں استعمال ہورہی ہے۔ڈسٹرکٹ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر پاکستان پیس کالیکٹو رانا آصف حبیب نے کہا کہ خیراتی رقم کے درست استعمال کیلیے قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور مواد کو پھیلانے کاسلسلہ بھی ختم ہونا چاہیے۔ایڈیشنل سیکریٹری سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ ابو بکر نے کہا کہ سندھ چیئرٹی کمیشن کے تحت خیراتی اداروں کو رقم کے درست استعمال کاپابند کیاگیاہے۔ڈائریکٹرنیکٹا نے کہا کہ نیکٹاکی ویب سائٹ پر قانون پر عمل کرنے والے خیراتی اداروں کی فہرست موجود ہے ،شہری اس سے استفادہ کرسکتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ ادبی اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے شہریوں میں درست اداروں کو رقم خیرات کرنے کیلئے آگہی دی جارہی ہے۔