لاہور( این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیونے کروڑوں روپے آمدن کے باوجود ٹیکس چوری میں ملوث فنکاروں کے گردشکنجہ کسنے کافیصلہ کر لیا جس کیلئے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کے انٹیلی جنس ونگ نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو حال ہی میں ایک گلوکار کے خفیہ اکائونٹس کے بارے میںمعلوم ہواجس پر نوٹسز کی صورت میں پیشرفت بھی کی گئی ہے
جبکہ اسی طرح ایک گلوکارکو پانچ کروڑ اسی لاکھ روپے سے زائد کا نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بہت سے گلوکارایسے ہیں جنہوں نے کورونا سے پہلے قابل ٹیکس آمدن حاصل کی لیکن اس کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔ ذمہ دارذرائع کے مطابق گلوکار لاہور،اسلام آباد،کراچی اوربیرون ممالک پرفارم کرنے کے الگ الگ معاوضہ وصول کرتے ہیں اورپاکستان میںکارپوریٹ سیکٹر کے پروگرام میں پرفارم کرنے کا سب سے زیادہ معاوضہ وصول کیا جاتاہے ۔ بیرون ممالک نہ صرف خطیر معاوضہ معاوضہ لیتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ فائیو سٹار ہوٹل میں قیاماورریٹرن ٹکٹس بھی معاہدے میں شامل ہوتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوجوان نسل کے پسندیدہ ایک گلوکار لاہورمیں ایک شوکا ساٹھ لاکھ روپے اور کراچی میں پرفارم کرنے کا اسی لاکھ روپے وصول کرتے ہیں ۔ حال میں لاہور میں ایک بڑے بزنس مین کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کے لئے مذکورہ گلوکار نے بڑامعاوضہ وصول کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مختلف کیٹگریز کے گلوکاراپنی شہرت کی مناسبت سے پاکستان میں جو کم سے کم معاوضہ وصول کرتے ہیں وہ تین لاکھ روپے ہے جو80لاکھ روپے تک کی سطح پر جاتاہے۔ ذرائع کے مطابق اسی طرح بہت سے فنکاربھی فلموں، ڈراموں اورکمرشلزکے ذریعے لاکھوں روپے آمدن حاصل کر رہے ہیں لیکن ان کی جانب سے پورا ٹیکس ادا نہیں کیا جارہا اور ان کے خلاف بھی ثبوت اکٹھے کئے جارہے ہیں ۔