اسلام آباد (این این آئی)رواں ہفتے مہنگائی میں 0.32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹھ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔پاکستان شماریات بیورو نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے جس کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.32 فیصد کا
اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹھ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا، پیٹرول فی لیٹر 3 روپے 23 پیسے ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 97 پیسے مہنگا ہوا، برانڈڈ اڑھائی کلو گھی کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا، 5لیٹر برانڈڈ کھانے کا تیل 35 روپے تک مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں دال مونگ، پیاز، ماچس، مسٹرڈ آئل، گڑ، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 13 پیسے کی کمی آئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق انڈے فی درجن 13 روپے 40 پیسے کمی کے ساتھ 154 روپے تک پہنچ گئے ہیں، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 24 پیسے کی کمی آئی، 20 کلو آٹے کا تھیلا صرف 2 روپے تک سستا ہوا، گزشتہ ہفتے میں آلو، ایل پی جی، لہسن اور جلانے کی لکڑی سستی ہوئی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت ہدایات جاری کی ہوئی ہیں لیکن ابھی تک اس کے نتائج سامنے نہیں آ سکے۔