کراچی (این این آئی)پاکستان میں ہوئے گیس بحران کے پیش نظر،سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)نے پیر کے روز صبح 8 بجے سے تین دن کے لئے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز ایک بار پھر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایس ایس جی سی کے مطابق سندھ بھر میں
جمعرات کے روز صبح 8 بجے سے سی این جی فراہم کی جائے گی جبکہ ایل این جی اور دیگر مقامی گیس اسٹیشنز بھی بند رہینگے۔دوسری جانب سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے باعث شہر قائد سمیت سندھ کے کئی شہروں میں ٹرانسپورٹرز پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش سے ہمارا کاروبار متاثر ہوا، سلینڈربھرا ہو تو ایک دن میں 6چکر لگاتے ہیں جبکہ گیس کی بندش کے باعث اب صرف 3چکر لگاپاتے ہیں۔ رکشہ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ رکشے کا کرایہ ادا کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صرف رکشوں سے آمدنی کرنے والوں کی 50ہزار سے زائد ہے جو دہری پریشانی کا شکار ہیں۔