کراچی(این این آئی)چینی کی قلت اور قیمت کا بحران ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھانے لگا، ایک ماہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 13روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سال 2021 کا پہلا ہفتہ بھی مہنگائی کے ستائے عوام پر بھاری رہا۔ درآمد اور کرشنگ سیزن کے باوجود چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، چینی کی
قیمتوں میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پرچون میں چینی کی 95 روپے کلو میں فروخت جاری ہے، ہول سیل میں قیمت 89 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں سیالکوٹ میں چینی سب سے زیادہ 13 روپے کلو مہنگی ہوئی۔ راولپنڈی، پشاور سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو تک ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملتان میں چینی 93 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔ لاہور، کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، کوئٹہ,خضدار، بہاولپور میں چینی کی قیمت 90 روپے فی کلو تک ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا میں چینی 90 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔ بنوں میں چینی 86 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 144 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے مہنگا ہوگیا، دال چنا ایک روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ دال ماش کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے دال
مسور ایک روپے 16 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں لہسن 36 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 25 روپے 44 پیسے سستا ہوا۔ تھیلے کی اوسط قیمت 948 روپے 34 پیسے ہوگئی۔ایک ہفتے میں مرغی 21 روپے 30 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ٹماٹر 6 روپے 58 پیسے فی کلو سستا ہوا، پیاز 2 روپے 3 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ انڈے 7 روپے 49 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ آلو ایک روپے 13 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ حالیہ ہفتے 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔