استنبول (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے پہلے دبئی بنک الاسلامی کی جانب سے اسرائیل کے لئومی بنک کے ساتھ معاہدے کے بعد ترکی اور عرب ممالک میں اماراتی بنک کے بائیکاٹ کی بین الاقوامی مہم شروع کی گئی ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ابو ظبی اسلامی بنک
کے بائیکاٹ کی مہم کا آغاز سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز سے کیا گیا۔ٹویٹر پر شروع کی گئی مہم میں کہا گیا کہ اماراتی بنک نے اسرائیل کے ایک بڑے مالیاتی ادارے کے ساتھ سمجھوتہ کرکے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور یہودی آباد کاری میں معاونت کی ہے۔مہم کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ اماراتی بنک کا اسرائیلی بنک کے ساتھ معاہدہ شرمناک اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بیان سوشل میڈیا کارکنوں، سول سوسائٹی اور دیگر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اماراتی بنک میں سرمایہ کاری کا بائیکاٹ کریں اور ٹویٹر ابوظبی اسلامی بنک بائیکاٹ کے نام سے چلنے والے ٹرینڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔